• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفادات کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیاہے، اسد قیصر

صوابی ( نمائندہ جنگ)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا بنیادی اور واحد مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے،ہمیں عوام نے خدمت کے لئے منتخب کیا ہے،ہم نے مفادات کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیاہے اور بلاامتیاز صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے کوشاں ہیں۔ آئندہ آنے والی نسلوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی حاصل کرنا ممکن نہیں،گلی محلے بنانا بھی ضروری ہے لیکن سب سے زیادہ اہم تعلیم کی ترقی ہے جس سے ہمارے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ موجودہ حکومت صوبے میں علم کی روشنی پھیلانے کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔تعلیمی بجٹ کا 78 فیصد تعلیم نسواں پر خرچ کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلزہائی سکول کڈی صوابی کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن رضا باچا ،پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول صوابی ضیادمحمد ،محکمہ تعلیم اور محکمہ مواصلات کے متعلقہ حکام کے علاوہ اہل علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجودتھے۔ اپنے خطاب میں سپیکر نے کہا کہ صوابی کو ترقی کے لحاظ سے ہمیشہ پیچھے رکھا گیا۔جب منتخب ہوئے سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا درپیش تھا۔کوشش تھی کہ بجلی کے مسئلے پر پہلے قابو پایا جائے۔40 کروڑ روپے بجلی کی تنصیبات کے لئے دئیے۔صوابی میں نئے فیڈرز لگائے۔کم وولٹیج کا مسئلہ حل کر دیا۔پہلے مردان سے صوابی کو بجلی مل رہی تھی اب براہ راست تربیلہ سے لائن دی گئی ہے،قبل ازیں سپیکرنے ازسر نو تعمیرکئے جانے والے گرلز پرائمری سکول کڈی ،واٹر سپلائی سکیم اور محلہ بلڑ خیل کی پختگی کا افتتاح بھی کیا اس موقع پر کڈی کے عو ام اور عمائدین علاقہ نے سپیکر اسد قیصر کا گرلز ہائی سکول کو اپ گریڈ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لینے پر بھر پور شکریہ ادا کیا اور اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔
تازہ ترین