• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ضروری ، حکمرانوں کے بچے باہر پڑھنے جاتے ہیں، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حکومت میں عوام کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی اور لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کی تعلیم بھی لازمی ہوگی ، ملک سے طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ضروری ہے ، کسی وزیر مشیر اور حکومتی اہلکاروں کے بچے سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل نہیں کرتے ، حکمرانوں کی اولادیں ملک سے باہر پڑھنے جاتی ہیں ، ہم عوام کیلئے یکساں نصاب اور ایک نظام تعلیم بنائیں گے اور تعلیم قومی زبان میں دی جائے گی، اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرنے والی ہی حقیقی معنوں میں ترقی کرتے ہیں ، اگر ملک کے اندر کرپشن کی رقم بچالی جائے تو ملک کے ہر بچے کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے ، ہم کرپشن اور ظلم کے نظام کو ختم کر کے ہی ملک کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بناسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایکسپو سینٹر میں اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت منعقدہ ٹیلنٹ ایکسپو 2016کے دوسرے اور آخری دن اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹیلنٹ ایکسپو سے انٹر بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات عمران چشتی، سمیحہ راحیل قاضی ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر واسع شاکر ، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل ،کراچی کے ناظم ہاشم یوسف ابدالی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر 20؍ کروڑ پاکستانیوں کیلئے صحت کے شعبے میں صرف 22؍ ارب روپے رکھے جاتے ہیں ۔ یہ ظلم کا نظام ہے ۔حکمرانوں کے ظلم اور کرپشن سے ملک اور قوم کو تباہ و بربادکردیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ظالمانہ اور کرپٹ نظام کے خلاف اٹھنے کا وقت آگیاہے ، جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے ، جو کرپشن سے پاک ہے ۔ آج کراچی میں جماعت اسلامی کے مخالفین بھی اعتراف کررہے ہیں کہ سب سے زیاہ اہل اور دیانت دار سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ تھے اور ان کے دور میں جس طرح تعمیر و ترقی ہوئی وہ بعد میں نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو وزیر تعلیم نہ بنایا جائے جو اپنے بچے کو سرکاری تعلیمی ادارے میں داخلہ نہ دلائے ۔ عمران احمد چشتی نے کہا کہ طلباء وطالبات اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال صرف اپنے اکیڈمک کاموں کیلئے استعمال کریں اور سچے مسلمان اور پاکستانی بنیں مثبت اور  تعمیری کاموں میں اپنی دلچسپی رکھیں اور اپنے اس قیمتی وقت کو ضائع نہ کریں کیونکہ یہ وقت نکل گیا تو سوائے پچھتاوے کے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت طلبہ کی ایسی تربیت کرتی ہے کہ ان کی دنیا اور دین دونوں سنورجاتے ہیں ۔ ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا کہ مستقل مزاجی بہت اہم چیز ہے ،دنیامیں کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنے پاس موجود تھوڑی سی صلاحیت اور توانائی کو بہت زیادہ اور بہتر انداز میں استعمال کریں اور اپنے مقصد اور نصب العین پر نظر رکھتے ہوئے اس کے حصول کی جدوجہد میں مستقل لگے رہیں۔ سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ میں جمعیت کو طلبہ و طالبات کے لیے اتنی بڑی اور بھرپور سرگرمی کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔ جمعیت نے ہمیشہ ہر دور میں طلبہ برادری کی رہنمائی اور تربیت کا فریضہ ادا کیا ہے۔
تازہ ترین