• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلط بیانی کرکے عدالت اور ایم ایس بے نظیرہسپتال کا وقت ضائع کرنے پر درخواست گزار کو 20ہزار جرمانہ

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس محمد امیر بھٹی نے غلط بیانی کرکے عدالت اور ایم ایس بے نظیر ہسپتال ڈاکٹر آصف قادر میر کا وقت ضائع کرنے پر درخواست گزار کو 20ہزار روپے جرمانہ کردیا۔درخواست گزار نے کورٹ میں ڈاکٹر آصف قادر میر سے معافی مانگ لی۔جس پر عدالت نے جرمانہ کا حکم واپس لیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ایم ایس بے نظیر ہسپتال کو آئندہ اس کیس میں پیش ہونے سے بھی استثنی دیدیا گیا۔محمد عقیل نے دائر رٹ میں موقف اختیار کیاتھا کہ اس کو 2008 میں برطرف کردیا گیا تھا کہ وہ کوالیفائی نہیں کرتا حالانکہ اس کے پاس تمام متعلقہ کوالیفکیشن موجود ہیں۔جس پرعدالت عالیہ نے ایم ایس بی بی ایچ ڈاکٹر آصف قادر میر کو ریکارڈ سمیت طلب کررکھا تھا۔دوران سماعت عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ 2014میں اشتہار آنے پر درخواست گزار نے اپلائی کیا تھا۔جس پر درخواست گزار نے کہا کہ کیا تھا۔جبکہ ریکارڈ کے مطابق یہ بات درست نہیں تھی۔جس کا عدالت عالیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے درخواست گزار کی سرزنش کی اور اس کو عدالت اور ڈاکٹر آصف قادر میر کا وقت ضائع کرنے پر 20ہزار روپے جرمانہ ایم ایس بی بی ایچ کو ادا کرنے کا حکم دیا۔ بعدازاں ڈاکٹر آصف قادر میر نے درخواست گزار کے کورٹ میں معافی مانگنے پر اس کو جرمانہ معاف کردیا۔جس کے بعد عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف قادر میر کو آئندہ پیشی کیلئے استثنی دیتے ہوئے کہا کہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا۔اس حوالے سے20اکتوبر کوشائع شدہ خبر میں ڈاکٹر آصف قادر میر کی معافی سہوا شائع ہوگئی تھی۔جبکہ اصل میں معافی درخواست گزار عقیل نے مانگی تھی۔
تازہ ترین