• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقی کا عمل روکنے، اسلام آباد کوبند کرنیوالوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہونگی، شہباز شریف 

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا   کہ ترقی  کا عمل روکنے اور اسلام آباد بند کرنیوالوں کی ناپاک سازشیں   ناکام   ہونگی ۔ وزیراعلیٰ  سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے ملاقات کی۔گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ(ن)،پنجاب کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔حافظ حفیظ الرحمان نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پرشہبازشریف کی صلاحیتوں کی تعریف کی اورکہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جس طرح عوامی خدمت میں مصروف رہتے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔گلگت بلتستان کے عوام کیلئے تعلیم ،صحت، فنی تربیت اوردیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کے گراں قدر تعاون پر شکرگزار ہیں۔گلگت بلتستان کے وزیراعلی نے ادویات کی فراہمی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر وزیر اعلی شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور ہم پنجاب کے تعلیمی اداروں اورمیڈیکل کالجوں میں گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کیلئے خصوصی کوٹے اور وظائف کی فراہمی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں- وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو تعلیم اورصحت کے ساتھ دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گی۔ گلگت بلتستان حکومت کو پنجاب حکومت سی ٹی سکین مشین بھی فراہم کرے گی  - وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کی خدمت میری زندگی کا مشن اورخدمت کی سیاست ہی مسلم لیگ(ن) کا اوڑھنا بچھونا ہے۔پاکستان کے مفادات کا تحفظ سب سے زیادہ مقدم ہے ۔ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ہم سب نے ملکرکام کرنا ہے ۔ ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو گمراہ کرنے والے بعض سیاسی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کی باتیں ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش ہے ۔باشعور عوام اب کسی کوروشن اورخوشحال پاکستان کی جانب سفر میں ر خنہ نہیں ڈالنے نہیں دیں گے -گلگت بلتستان کے وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان نےشہباز شریف کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جتنا ترقیاتی کام پنجاب میں ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی - انہوںنے گلگت بلتستان حکومت کیلئے سی ٹی سکین مشین کی فراہمی کے اعلان پر وزیر اعلی شہباز شریف کے قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے جذبے کو سراہا-    وزیر اعلیٰ سے چائنہ فرسٹ میٹالرجیکل گروپ کے وائس چیئرمین گاؤجزہاؤ   کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی-چینی گروپ نے پنجاب کے واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا-وزیر اعلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو نئی جہت ملی ہے اورچین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں قدم سے قدم ملا کر چل رہا ہے  - وزیر اعلی نے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ، کمیٹی چینی سرمایہ کاروں کی تجویز کا جائزہ لیکر قابل عمل سفارشات پیش کرے گی -وائس چیئرمین چینی گروپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے چین اور پاکستان کے مابین دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے -واٹر سیکٹر میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے -وزیراعلیٰ  کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا ،جس میں ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے بااختیار بناناپنجاب حکومت کا مشن ہے ۔وزیراعلیٰ نے اگلے مرحلے میں لیپ ٹاپ کی خریداری اور تقسیم کے عمل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں۔وزیراعلیٰ سے خیبر پختونخوا کے سابق گورنر اورمسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء سردارمہتاب خان عباسی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اورملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب نے ملکرکام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ’’میں ‘‘کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا ہے -
تازہ ترین