• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی کشتی ڈولنے لگی ،زیادہ دیرتیرتی نظرنہیں آتی: سراج الحق

لاہور (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ سیل)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا  کہ حکومت نے قوم کا وقت بھی ضائع کیااورپیسہ بھی۔حکمرانوں کے پاس اب کہنے کو کچھ نہیں رہا۔حکومتی کشتی ڈولنے لگی ہے ، زیادہ دیر تیرتی نظرنہیں آتی۔ حکومت اس کشتی پر سوار ہے جس کے پیندے میں سوراخ ہے اور پانی تیزی سے اندر آرہا ہے ،اب بچے گا وہی جو اس ڈوبتی کشتی سے چھلانگ لگائے گا۔حکمرانوں نے ملک کوترقی دی نہ نظریاتی شناخت کا تحفظ کیا ۔صرف پروپیگنڈے کے زور پر حکومت نہیں چلتی۔اچھا ہوتا اگر حکومت اپنے اوردوسروں کیلئے احتساب کا نظام بناتی ۔احتساب میں جتنی تاخیر ہوگی عوام کے غیظ و غضب میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔مصطفی کمال اور عشرت العباد کے ایک دوسرے کے بارے میں سچ کا عدالتوں کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔  جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں  نے کہا کہ ہم پہلے دن سے حکمرانوں کو احتساب کا نظام بنانے اور لوٹی گئی قومی دولت واپس کرنے پر زور دیتے رہے ہیں لیکن حکمران مسلسل ٹال مٹول اور ڈنگ ٹپائو پالیسی سے کام لیتے رہے ۔کچھ لوگ چاہتے تھے کہ پانامہ ،دبئی اور لندن لیکس کے معاملہ کو دبا کر قومی خزانہ سے لوٹا گیا کھربوں روپیہ ڈکار لیا جائے مگر اب ان کی یہ چالیں کامیاب نہیں ہونگی ۔ عوام احتساب کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ۔  عدالت سے نوٹس ملتے ہی حکومتی کشتی ڈولنے اور حکومتی مشینری شور مچانے لگی ہے ۔  حکمرانوں کو اب بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا ۔ 
تازہ ترین