• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم انقلاب کی تیاری کرے، اسلام نافذ کرکے پاکستان کو تبدیل کردینگے، سراج الحق

نوشہرہ،لاہور(نمائندہ جنگ،صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم انقلاب کی تیاری کرے،اسلام نافذ کرکے پاکستان کو تبدیل کردینگے ،نواز شریف رحیم یار خان میں غریب کی غربت دیکھ کر نہیں بلکہ اپنے انجام کو دیکھ کر رونے لگے تھے ، نیب کا ادارہ کرپشن روکنے میں بُری طرح ناکام رہا ہے،بعض چھوٹے چھوٹے مچھروں کو تو پکڑتا ہے لیکن ہاتھیوں کو جانے دیتا ہے نیب نے آج تک جتنی ریکوری کی ہے اس سے زیادہ اس پر خرچ آچکا ہے۔ ہماری جمہوریت پر عالمی اسٹیبلشمنٹ کا قبضہ ہے،ملک میں تبدیلی کے لیے بھرپور عوامی جدوجہد کرنا ہو گی، موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کر سکتا، ہم احتساب اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں یہاں صرف ایک پاناما ہی نہیں ،بلوچستان کے ایک سیکریٹری کے گھر سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے اسکے گھر سے جہاں بھی تلاشی لی گئی ایک پاناما ملا ملک کے تمام اداروں کی یہی صورتحال ہے ،ہم وہ تبدیلی چاہتے ہیں جس سے اسلامی نظام قائم ہو امریکی غلامی کے لیے تبدیلی ہمیں قبول نہیں، ممتاز قادری کی پھانسی موجودہ حکمرانوں کا پیچھا کر رہی ہے، جس خاندان ، معاشرے اور ملک میں عورت کا احترام نہیں ہوتا وہ برباد ہوجاتے ہیں۔ انسانیت کی کہانی خواتین کے بغیرنامکمل ہے۔ مغرب نے عورت سے سارے حقوق چھین کر اسے آزادی سے محروم کردیا ۔ آج بھی کشمیر،افغانستان اور فلسطین کی جدوجہد آزادی میں خواتین آگے آگے ہیں۔ مغرب زدہ این جی اوز کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ عورت کو بے پردہ اور بے حیا کردے۔ اگر ہماری حکومت آئی تو  ڈویژن کی سطح پر خواتین کے لئے یونیورسٹی بنائیں گے۔ جو لوگ خواتین کو وراثت میں حق نہیں دیتے ان کو جیل جانا پڑے گا۔ ہر امیدوار کو الیکشن کمیشن میں وراثت دینے کا تصدیق نامہ جمع کرنا ہوگا۔ بزرگ خواتین کو بڑھاپا الاؤنس دیں گے، وہ ہفتہ کوجماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام دو روزہ اجتماع عام کے پہلے روز کے اختتامی سیشن اور خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ، اضاخیل میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے دوروزہ اجتماع عام کے پہلے روز کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا ہے ملک میں بیروزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے جب بھی پاکستان کی قوم تبدیلی اور جدوجہد کے لیے آمادہ ہو جاتی ہے تو عالمی اسٹیبلشمنٹ ہم پر اپنی من پسند قیادت کو مسلط کر دیتی ہے۔
تازہ ترین