• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 نومبر کو اسلام آباد نہیں ، پی ٹی آئی بند ہوجائے گی،احسن اقبال

لاہور(خبر نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تبدیلی کی دھمکیاں دیناجمہوریت نہیں،2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں ہو گا پی ٹی آئی بند ہوجائیگی،پاکستان میں جمہوری نظام ہے اور تبدیلی کا واحد راستہ بیلٹ ہے ، کسی کے پاس کوئی حق نہیں کہ وہ اسلام آباد کو بند کرے، یہ جمہوریت نہیں فسطائیت ہے، ان کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ کا راستہ اختیار کریں کیونکہ مسائل کا واحدحل پارلیمنٹ کا راستہ ہے، پانامہ کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہو رہی ہے، احتجاج مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کیلئے ہے، پاکستان کی عوام ترقی ،امن اور استحکام چاہتے ہیں انہیں اس طرح کے احتجاج میں کوئی دلچسپی نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ’’وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز۱۱‘‘کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پانامہ الزامات ایسے نہیں کہ ان کو چارٹ شیٹ قرار دیا جائے اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو کیس سپریم کورٹ میں ہے وہاں ثبوت پیش کریں خود جیوری بن کر فیصلہ دینا درست نہیں،پی ایم ایل این کی حکومت اداروں کا احترام کرتی ہے اور تمام جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ آئین وقانون اور اداروں کے احترام کو یقینی بنائیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کا رویہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی احتجاجی سیاست میں مقبولیت کا باعث بن رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پچھلے ایک سال میں گلگت بلتستان ، آزادکشمیر اورضمنی انتخابات ہوئے ہیں ان میں کامیابی عوام کا پاکستان مسلم لیگ (ن) پراعتماد کا اظہار ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مثبت روئیے اور سیاسی استحکام بہت ضروری ہے،آج پاکستان کو امن ،اتحاد اوریکجہتی کی بہت ضرورت ہے،ہم کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ پاکستان کو اندھروںمیں پھینک دے۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت کا برا حال تھا‘ قوم میں یہ تاثر پایا جارہا تھا کہ آنیوالا سال بدتر ہو گا‘ ملک میں 20‘ 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی‘ کراچی اور بلوچستان کے حالات تباہی کی طرف جارہے تھے‘ لیکن موجودہ حکومت نے نہ صرف توانائی کے شعبے میں اقدامات کئے جس کے نتیجہ میں اس وقت لوڈشیڈنگ 6 سے 8 گھنٹے رہ گئی ہے بلکہ کراچی میں امن لوٹ رہا ہے‘جو تبدیلی کا ثبوت ہیں۔تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر حسن امیر شاہ سمیت دیگر فیکلٹی ممبران،طلبا ء وطالبات اور اساتذہ بھی موجودتھے۔وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت گورنمنٹ کالج لاہور کے بی اے /بی ایس سی،ایم اے /ایم ایس سی،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے1100طلباوطالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔
تازہ ترین