• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائنل کھیلنے کی امیدیں ختم، پاکستان ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سےہارگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسا لگ رہا ہے کہ عالمی ہاکی میں حکمرانی کرنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ ایشیائی سطح پر بھی پاکستانی ٹیم فتوحات حاصل کرنے میں ناکام ہورہی ہے ۔ہائی وولٹیج میچ میں آخری کوارٹر میں بھارت نے کھیل پر گرفت مضبوط رکھی۔ فیصلہ کن گول کھیل ختم ہونے سے تین منٹ پہلے بنا۔بھارت نے ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود کامیابی حاصل کی۔ ملائیشیا میں ایشیائی چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔ ٹورنامنٹ میں ملائشیا کے بعد بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے فائنل میں کھیلنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ پاکستان نے واحد کامیابی کوریا کے خلاف حاصل کی تھی۔اتوار کو کونٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں سنسنی خیز اور تیز کھیل دیکھنے کو ملا۔ تاہم پاکستانی ٹیم اپنی برتری کو برقرار نہ رکھ سکی۔ اس میچ میں پہلے کوارٹر میں میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا تاہم دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی بھارت نے پردیپ مور کے گول کی بدولت سبقت حاصل کر لی۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے پہلے محمد رضوان سینئر کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کیا اور چھ منٹ بعد محمد عرفان نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلوا دی۔ اس موقع پر بھارتی کھلاڑیوں نے دو منٹ میں دو گول کر کے نہ صرف برتری حاصل کی بلکہ میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے دوسرا گول روپندر پال سنگھ نے پنلٹی کارنر پر کیا جس کے بعد رمن دیپ سنگھ نے ایک جوابی حملے میں گول کر اپنی ٹیم کو ایک بار پھر سبقت دلوا دی۔ پاکستان کے شکیل بٹ کو دومنٹ کی معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ یہ ٹورنامنٹ میں بھارت کی دوسری فتح ہے اور وہ تاحال ان مقابلوں میں ناقابلِ شکست ہے۔ اس نے اپنے پہلے میچ میں جاپان کو دو کے مقابلے میں دس گول سے شکست دی تھی جبکہ جنوبی کوریا سے اس کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ پاکستان نے بھی اس میچ سے قبل دو میچ کھیلے ہیں۔ اسے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست ہوئی تھی تاہم اس نے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو ایک صفر سے ہرایا تھا۔ ایشیائی چیمپئنز ٹرافی مقابلے تین برس کے تعطل کے بعد کھیلے جا رہے ہیں۔ ماضی میں بھارت 2011 اور 2013 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے جبکہ 2012 میں ٹورنامنٹ کا فاتح پاکستان رہا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 166 واں انٹر نیشنل میچ تھا۔
تازہ ترین