ممبئی (جنگ نیوز) بھارت اور پاکستان کے درمیان موجودہ سفارتی کشیدگی کا منفی اثر کھیلوں پر بہت زیادہ پڑ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں جہاں پاکستان کی خواتین ٹیم نے کنگز کپ سیپک ٹاکرا میں بھارت کے خلاف بطور احتجاج مقابلے کا بائیکاٹ کیا تھا وہیں کئی بھارتی کھلاڑیوں نے کراچی اور لاہور میں ہونے والے آئی ٹی ٹی ایف سینئرز عالمی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ سے نام واپس لے لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری خالد رحمانی نے بتایا کہ بھارت کے سینئر کھلاڑی لاہور میں 30 اکتوبر سے چھ نومبر تک ہونے والی مقابلہ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا، ہمیں 21اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے دن ان کے نام واپس لینے کے بارے میں اطلاع ملی۔ رحمانی نے بتایا کہ دلیپ موہنتی، شہریار سلامت، پرساد اپٹے، گردرشن سنگھ، ہوا جین اور نریش کھتری کو 35 سال سے زیادہ، 45 سال سے زیادہ اور 55سال سے زیادہ عمر کی مقابلے میں حصہ لینا تھا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ بھارت کے پارتھ اگروال بھی 23 سے 26 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہونے والے پانچ ہزار ڈالر انعامی رقم کے حامل فیڈرل کپ ٹینس چیمپئن شپ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔