• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے: وزیراعظم

International Community Take Notice Of Atrocities In Occupied Kashmir
وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائز مارک گرانٹ لائل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کا نوٹس لے، ہمسایوں سے اچھے تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں برطانوی مشیر قومی سلامتی سر مارک لائل گرانٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی پالیسی کو سراہتے ہیں اور ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، مسئلہ کشمیر کے حل سے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔

برطانوی مشیر سلامتی نے خطے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئےکہاکہ پاکستان کی سیاسی قیادت، مسلح افواج اور پوری قوم نے دہشت گردی کو بھرپور عزم اور قربانیوں کے ساتھ شکست دی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کی خطے میں امن بالخصوص ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات استوار کرنے کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اورہمسائیوں کے ساتھ پرامن تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے، پیلٹ گنز کے استعمال سے سیکڑوں کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی، ہزاروں کشمیری زخمی بھی ہوئے،وقت آگیاہےکہ مسلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کیاجائے۔
تازہ ترین