• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکٹ سلوہے، یاسر شاہ میچ جتوادیں گے، سرفراز احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شیخ زائد اسٹیڈیم کی پچ سلوہے جہاں بولروں کو بہت محنت کرنا پڑرہی ہے۔ امید ہے کہ پاکستان ٹیم دوسرا ٹیسٹ اور سیریز جیت جائے گی۔ چوتھے دن ایک اور وکٹ مل جاتی تو ہماری پوزیشن مضبوط ہوسکتی تھی لیکن اس وقت بھی ہم ڈرائیونگ سیٹ پر ہیں۔ دوسری نئی گیند بھی18 اوور بعد مل جائے گی۔ پیر کی شام کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی جب یہاں کھیلتے تھے وکٹ میں کچھ جان ہوتی تھی لیکن اس بار وکٹ سلو ہے۔ یاسر کو آخری اوور میں بریک ملا ہے۔صبح کا سیشن بہت اہم ہوگا ایک دو وکٹ ہمیں جیت کے قریب لے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بابر ایک سال بعد ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ مصباح بھائی نے انہیں مختلف رول دیا ہے۔ وہ رنز روک رہیں جبکہ یاسر شاہ اٹیک کررہے ہیں۔ یاسر ہمارے میچ ونر بولر ہیں ، وہی پاکستان کو میچ جتوائیں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ہمیں علم تھا کہ وکٹ سلو ہے اور ساڑھے چار سو رنز بناکر ویسٹ انڈیز کو بڑا ہدف دیں گے۔ پہلے ٹیسٹ میں ہم مشکل میں پھنس گئے تھے۔ اس لئے اس بار اپنے آپ کو محفوظ بناکر اننگز ڈکلیئر کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کو آوٹ کرنے کے اب بھی ہمارے پاس نوے اوورز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ مشکل ہوگئی ہے اس لئے امپائروں کو بھی آئوٹ دینے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ بشو کو ہندی آتی ہے اس لئے میرا ان سے مذاق چلتا رہتا ہے۔
تازہ ترین