کراچی(اسٹاف رپورٹر)کوانٹن ملائیشیا میں کھیلی جانے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں منگل کو پاکستان نے کم زور حریف جاپان کو سخت اورسنسنی خیز مقابلے کے بعد3-4 سے شکست دے دی۔ پاکستان کو اس میچ میں جیت کے لئے خاصی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اس ایونٹ میں جاپان کو بھارت کے خلاف10-2سے اور میزبان ملائیشیا کے ہاتھوں7-2کی ہزیمت اٹھانا پڑی تھی۔ پاکستان اپنے چوتھے میچ میں جاپان کے مد مقابل تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان کی طرف سے علیم بلال نے دو جبکہ عرفان جونیئر اور رضوان سینئر نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ جاپان کی طرف سے سیرین تناکا، کینتا تناکا اور ہیروتاکا زیندانا نے گول کیے۔ جاپانی کھلاڑیوں نے بھر پور مزاحمت کر کے پاکستان کی جیت کو مشکل میں ڈال دیا تھا، منگل کو کھیلے گئے۔ دوسرے میچ میں بھارت نے چین کو نو گول سے ہرایا، چین کی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کرسکی۔ بدھ کو میزبان ملائیشیا کو بھارت کے خلاف اہم میچ میں مقابلہ کرنا ہوگا،کوریا کی ٹیم جاپان کے ساتھ میچ کھیلے گی،پاکستان کی ٹیم اپنا آ خری لیگ میچ جمعرات کو چین کے ساتھ کھیلے گی۔ پاکستان ایونٹ میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہے اور اب تک ہونے والے چار میچوں میں سے دو جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں تیسری پوزیشن پر ہے۔