لاہور(خالد محمود خالد) بھارتی ریاست گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں دو بھائیوں سے شادی کرنے والی دو پاکستانی بہنیں اتوار کے روز سے لاپتا ہو گئی ہیں جب کہ دونوں کاشوہروں نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیویاں بچوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئی ہیں۔احمد آباد کے پالدی ایریا میں رہنے والے عارف میمن اور محمد صہیب نے اپنی پاکستانی بیویوں عائشہ بی بی اور نویرا بی بی کی گمشدگی کی رپورٹ میں کہا کہ دونوں پاکستانی شہریت کی حامل ہیں اور گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کے مطابق دونوں گھر سے اتوار کے روز بچوں کے ساتھ اکٹھے نکلیں اور جاتے وقت اپنے پاسپورٹ اور نکاح نامے بھی ساتھ لے گئی ہیں۔اپنی رپورٹ میں انہوں نے دونوں بہنوں کے گھر سے جانے کی وجہ نہیں بتائی۔پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ بی بی 2012ء میں جب کہ نویرا بی بی 2014ء میں بھارت آئیں جہاں انہوں نے دو سگے بھائیوں عارف میمن اور محمد صہیب کے ساتھ شادی کر لی ۔ اس دوران دونوں جوڑوں میں کوئی ناچاقی بھی نہیں ہوئی تاہم وہ بھارت چھوڑ کر پاکستان واپس نہیں جا سکیں گی کیونکہ انہیں ملک چھوڑنے سے قبل بھارتی پولیس سے اجازت لینا ہو گی۔