کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم نے چینیوں کے منہ میں کڑاوہٹ گھول دی۔ ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ایشین چیمپئنزٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں چین کو چار گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جہاں وہ ہفتے کو مضبوط حریف میزبان ملائیشیا سے مقابلہ کرے گی۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ کوریا سے ہوگا۔ جمعرات کو رائونڈ میچوںکے اختتام کے بعد بھارت پہلے، ملائیشیا دوسرے، پاکستان تیسرے اور کوریا چوتھے نمبر پر آیا۔ پاکستان نے اپنے آخری میچ میں چین کو حیرت انگیز طور پر چار گول سے شکست دے دی، پورے میچ میں پاکستان کھلاڑیوں کا پلہ بھاری نظر آیا، چینی کھلاڑی خاصے دبائومیں دکھائی دیے، پاکستان کی جانب سے تجربہ کار فارورڈ عبد الحسیم خان نے21، 31ویں منٹ میں دو گول اسکور کر کے پاکستان کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا تھا، حسیم خان نے پہلا گول پنالٹی کارنر پر اسکور کیا جبکہ دوسرا گول انہوں نے فیلڈ بنایا۔ پاکستان کی طرف سےشان علی اور محمد عرفان نے48 ویں منٹ میں پے درپے دو مرتبہ گیند کو جال میں اچھال کر اپنی ٹیم کو مضبوط بنادیا۔جمعرات کو کھیلے گئے دیگر دو میچوں میں بھارت نے جاپان کو2-1سے ہرایا، جبکہ ملائیشیا اور کوریا کا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ رائونڈ میچوں کے بعد چین اور جاپان پانچویں اور چھٹے نمبر پر آئے۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے ٹیم کی جیت اور سیمی فائنل تک رسائی پر کہا ہے کہ ہم نے سیمی فائنل کھیلے کا اپنا پہلا ہدف حاصل کرلیا ہے، اب ہم ٹرافی اور وکٹری اسٹینڈ تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اب تک کی کارکردگی قابل تعریف ہے، مگر آئندہ اہم میچوں میں ہمیں اپنی مسنگ پر قابو پانا ہوگا جس کے بغیر بڑے میچوں میں فتح حاصل کرنا مشکل کام بن جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ فائنل میں ایک مرتبہ پھر بھارت سے مقابلہ ہوگا اور ہم ایونٹ میں بھارت کے خلاف شکست کو داغ دھونے میں کام یاب ہوجائیں گے۔