• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان نسل کا تعلق مساجد سے جوڑا جائے، پیر نیاز الحسن قادری

برمنگھم (ابرار مغل) دہشت گردی و انتہاپسندی اور مختلف سماجی برائیوں سے نوجوان نسل کو محفوظ رکھنے کیلئے ان کا ناتا مساجد اور دینی مراکز سے جوڑا جائے۔ قرآنی تعلیمات کے فروغ سے نوجوان نسل کی اصلاح و تربیت کی جاسکتی ہے۔ نوجوان نسل بھی قرآن و سنت کو رول ماڈل بنا کر برطانوی معاشرے کو اسلام کا حقیقی چہرہ دکھائے، ان خیالات کا اظہار آستانہ عالیہ حضرت سخی سلطان باہو کے سجادہ نشین پیر نیاز الحسن قادری اور ممتاز مذہبی سکالر علامہ سید ظفر اللہ شاہ نے جامع الحرا ایجوکیشن سنٹر کے زیر اہتمام حفظ قرآن کرنے والے طالبعلم حسن رضا حیدری کے اعزاز اور تقریب دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالغفور چشتی نے ادا کئے جب کہ تقریب سے ادارے کے مہتمم علامہ حافظ محمد حسن چشتی، علامہ قاری فرحان صدیقی، مفتی منور عتیق اور دیگر علما نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مختصر مدت میں حفظ قرآن کرنے والے نوجوان حسن رضا حیدری کی دستار بندی بھی کی گئی۔ پیر نیاز الحسن قادری اور علامہ سید ظفر اللہ شاہ نے طالبعلم کو حفظ قرآن کی سند بھی عطا کی۔ تقریب میں کثیر تعداد کے علاوہ حافظ حسن رضا حیدری کے والد شمیم اللہ حیدری اور دیگر فیملی ممبران نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ والدین اپنی نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔ والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنی اولاد کو اسلامی تعلیمات اور رسم و رواج سے متعارف کروائیں۔
تازہ ترین