• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کی کمیٹی چوک آمد، مختصر خطاب کے بعد واپس چلے گئے

Rawalpindi Stones And Baton Charge On Committee Square
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اچانک موٹرسائیکل پر کمیٹی چوک پہنچے اورمظاہرین سے مختصر خطاب کرکے پولیس کو چکمہ دےموٹر سائیکل پر ہی واپس چلے گئے، ان کا کہنا تھا کہ کسی میں ہمت ہے تو آؤ مجھے گرفتار کرو۔

شیخ رشید ڈھوک کشمیریاں سے موٹرسائیکل پر چٹیاں ہٹیاں کی تنگ گلیوں سے ہوتے ہوئے کمیٹی چوک پہنچے،پولیس کے روکنے پر موٹرسائیکل چلانے والے نے کہا یہ بیمار ہے، پولیس اہلکار نے مریض جان کر شیخ رشید کو موٹر سائیکل پر جانے دیا، شیخ رشید نے منہ پر رومال باندھا ہوا تھا اس لئے پولیس انہیں پہچان نہ سکی۔

اس موقع پر شیخ رشید نے جیو نیوز کی ڈی ایس این جی پر بیٹھ کر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا میں آؤں گا ،نواز شریف میں آگیا ہوں ،لال حویلی کے سارے راستے بند ہیں، کسی میں ہمت ہے تو آؤ مجھے گرفتار کرو۔

رہنما مسلم لیگ ن طلال چودھری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ صاحب خوفزدہ ہوکر بھاگتے نظر آئے اور 4 افراد کے ساتھ جلسہ کر کے چلے گئے ، شیخ رشید بلا واسطہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے گرفتار کریں تاکہ میں ہیرو بنوں، شیخ رشید کو گرفتار کرنا مسئلہ نہیں۔

راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر موجود پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہوگئی ہیں، کمیٹی چوک پرکارکنوں نے پتھراؤکیا جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جبکہ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اعجازخان جازی کو3کارکنوں سمیت گرفتارکرلیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں مری روڈ4 جگہ سے بندکردی گئی اور تیلی محلہ، کمیٹی چوک اور اطراف میں کنٹینر لگا دیے گئے،جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا،مختلف علاقوں میں کاروباری اور تجارتی مراکز بھی بند ہیں۔

ن لیگ کے رہنمارانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ دارالحکومت بندکر کےپاکستان کامذاق اڑانےوالےعناصرکو اجازت نہیں دی جائیگی ،قانون نافذ کرنےوالے ادارے شیخ رشید کے انتظار میں ہیں ،شیخ رشید یاکارکنوں کی گرفتاری کا کریڈٹ نہیں لینا چاہتے، ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

شیریں مزاری نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنی گالہ کے راستے پرناکا لگاکر روکاجارہاہے اور ہمارے لوگوں کو پکڑاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اجلاس میں حکمت عملی طے کریں گے۔
تازہ ترین