راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ خیبرپختونخوا چلے جائیں اور بعد میں سامنے آئیں کیوں کہ گزشتہ روز پیدا ہونے والے حالات کا پہلے سے علم تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ خیبرپختونخوا جاکر رپوش ہوجائیں وہاں انہیں کوئی بھی گرفتار نہیں کریگا اور مناسب وقت پر ایک بڑے جلوس کے ہمراہ منظر عام پر آئیں کیونکہ گزشتہ روز پیدا ہونے والے حالات کا پہلے سے علم تھا ان حالات کی پیش گوئی پہلے ہی کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاجی تحریکوں کا بہت تجربہ ہے ہم بھی احتجاج کے دوران خفیہ ٹھکانوں پر چلے جاتے تھے اور مقررہ جگہ اور وقت پر ہی سامنے آتے تھے۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان اگر احتساب ریلی کی قیادت خیبرپختونخوا ہ میں کرتے تو موجودہ حالات سے بچ سکتے تھے لیکن پی ٹی آئی کی قیادت یہ سمجھ رہی ہے کہ قیادت گرفتار ہوگئی تو کارکن باہر نکل آئیں گے یہ انکی غلط فہمی ہے کیونکہ کسی بھی تحریک کی قیادت کےلئے رہنماؤں کا باہر اور کارکنان کے درمیان ہونا بہت ضروری ہے پاکستان تحریک انصاف کو ایم آر ڈی تحریک سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔