وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ ہندو برادری بھی محب وطن پاکستانی ہیں۔ اس کا ثبوت انہوں نے مودی کے بلوچستان سے متعلق دئیے گئے اشتعال انگیز بیانات کی بھرپور مذمت کرکے دیا۔
حکومت ہندؤں سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق اورجان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دیوالی کے پر مسرت موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آباد ہندو برادری ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے، جبکہ بلوچستان میں صدیوں سے آباد ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہماری تہذیب و ثقافت کے آئینہ دار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اسلام کے زرین اصولوں کے مطابق ملک میں آباد تمام عقائد و مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔
وہ اپنے عقائد کے مطابق نہ صرف اپنی زندگی گذار رہے ہیں بلکہ اپنی عبادات اور مذہبی تقاریب منانے کی انہیں مکمل آزادی حاصل ہے۔
وزیراعلیٰ نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کی خوشی اور مسرتوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی عبادات میں ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے۔