کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سید خادم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ہرممکن کردار ادا کررہا ہوں، دیا فٹ بال کلب کا چھوٹی عمر کے لڑکے اور لڑکیوں کا فٹ بال کی تربیت کیلئے اکٹھا کرنا قابل تحسین ہے۔اس بات کا اظہار انہوں نے انٹراسکول انڈر 14 گرلز اینڈ بوائز فٹ سال ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آٹھ سے دس سال کی عمر کے بچوں کو کھیلوں کی تربیت دی جاتی ہے اور آگے بڑھ کر ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کرتے ہیں۔ اس موقع سندھ فٹ بال کی سیکرٹری سعدیہ شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انٹراسکول انڈر14 گرلز اینڈ بوائز فٹ سال ٹورنامنٹ اتوار سے نیبر ہڈ پارک کلفٹن شروع ہوا۔ دیا فٹ بال کلب کے زیراہتمام ایونٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں حق اکیڈمی، آغا خان اسکول، ورلڈ اکیڈمی، دی انٹرنیشنل اسکول، دی لرننگ ٹری، ایجوکیشن بے شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ سے منتخب ہونے والی گرلز کھلاڑی آئندہ سال جنوری میں لمس میں ہونے والے فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔