• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ :بلدیاتی اداروں کی مخصوص سیٹوں پر پولنگ سکیم تیار

گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)الیکشن کمیشن نے بلدیاتی اداروں کی مخصوص سیٹوں پر پولنگ اسکیم تیار کرلی، گوجرانوالہ ضلع میں 73 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے ، 500 سرکاری اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جن کی ٹریننگ 10 نومبر کو ہوگی۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال کی تین میونسپل کارپریشنوں اور 6ضلع کونسلوں میں 15نومبر کو، 26 میونسپل کمیٹیوں میں 17نومبر کو اور 667 یونین کونسلوں کی مخصوص سیٹوں پر الیکشن 19نومبر کو ہوں گے ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے اس سلسلے میں پولنگ اسکیم تیار کرلی ہے جس کے تحت 15نومبر کو دو پولنگ اسٹیشن، 17نومبر کو سات پولنگ اسٹیشن اور 19نومبر کو 64 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے ۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات عملہ کی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں، یہ عملہ محکمہ تعلیم، محکمہ مال اور ٹی ایم ایز سے لیا گیا ہے جن کی ٹریننگ 10 نومبر کو ہوگی۔ اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران پولنگ سٹاف کو تربیت دیں گے ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر محمد طارق قریشی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپروں کی ڈیمانڈ لسٹ بھجوادی گئی ہے امید ہے کہ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان سے بیلٹ پیپرز چھائی کے بعد 13نومبر کو موصول ہوجائیں گے ۔ ووٹ ڈالنے والے یوسی چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور کونسلروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنا قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں کیونکہ اس کے بغیر ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ ووٹ کاسٹ کرنے والے یوسی چیئرمین کو پانچ پانچ بیلٹ پیپرز دئیے جائیں گے ۔ ہر ووٹر خواتین، یوتھ، اقلیتی، ٹیکنوکریٹ اور مزدور یا کسان کو ووٹ ڈال سکے گا، میونسپل کمیٹیوں اور یونین کونسلوں میں ٹیکنوکریٹ کی سیٹیں نہیں رکھی گئیں جہاں ووٹرز چار ووٹ ڈال سکیں گے ۔میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل میں صرف یوسی چیئرمین ہی ووٹ ڈال سکیں گے ، میونسپل کمیٹیوں میں وارڈ کونسلرز جبکہ یونین کونسلوں میں چیئرمین، وائس چیئرمین و کونسلرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال میں 124 ریٹرننگ افسران کا تقرر کیا گیا ہے ، ریجن بھر کی 3میونسپل کارپوریشنوں، 6ضلع کونسلوں، 26میونسپل کمیٹیوں اور 667یونین کونسلوں میں تین ہزار 46 سیٹیوں پر الیکشن ہوں گے ۔
تازہ ترین