اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا گیا ہے۔ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہونے والی مریم اورنگزیب کو پرویزرشید کی جگہ اطلاعات و نشریات کا قلمدان دیا گیا ہے۔ 36سالہ مریم اورنگزیب کی وزارت کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ وہ وزارت داخلہ کی پارلیمانی سیکرٹری کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ ایوان صدر کے ذرائع نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب وزیر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی اور صدر ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات بنانے کی منظوری دیدی ہے۔ وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد ان کی وزارت کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔ وہ قومی اسمبلی کی رکن طاہرہ اورنگزیب کی صاحبزادی اور سینیٹر نجمہ حمید کی بھانجی ہیں۔