کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے کئی ادوار سے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے کسی بھی حکومت نے کوئی اقدمات نہیں کیے جبکہ اگر توجہ دی جاتی تو گلگت بلتستان ایک بہترین سیاحتی مرکز بن سکتا تھا لیکن اس صوبے کے عوام کے ساتھ نا انصافی کی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےمنگل کوپاک سرزمین پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میںگلگت بلتستان کے جشن آزادی کی خوشی میں منعقد پر وقار تقریب سے خطاب کے موقع پر کیا۔اس موقع پر وائس چیئر مین وسیم آفتاب اور گلگت آرگنائزنگ کمیٹی کے آرگنائزر صلاح الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،مصطفیٰ کمال نے مزیدکہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کسی بھی دوسرے صوبے کی عوام کی طرح با صلاحیت ، محنتی اور جفا کش ہیں اور انہیں اگر تھوڑی سی بھی سہولیات مہیاکی جائے تو یہ صوبہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔وائس چیئر مین وسیم آفتاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی دلیری اور بہاردری کے نتیجے میں پاکستان سے گلگت بلتستان کا الحاق ہواہے، گلگت کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے پاک سرزمین پارٹی ہر ممکن کوشش کرے گی اور اس صوبے کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تقریب میں آزادی کے جشن کا کیک کاٹا گیا اور روایتی رقص بھی پیش کیا گیا ۔