• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرکلبز ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل، امپائر کی تھپڑ اور لاتوں سے تواضع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایچ ایف انٹر کلبز کراچی ریجن ہاکی ٹور نامنٹ کا اختتام تنازعات،مار پیٹ اور تلخ کلامی کے ساتھ بیچم ہاکی کلب کی کام یابی پر ہوا، ہاکی کے حلقوں نے اس صورت حال کے ذمے داروں کے خلاف سخت ترین سزا کا مطالبہ کیا ہے، ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں ہفتے کو جو حنیف خان الیون اور بیچم ہاکی کلب کے درمیان ہوا مار دھاڑ سے بھر پور ثابت ہواکراچی میں ہونے والے انٹرہاکی کلب ٹورنامنٹ کے فائنل کےموقع پر اس وقت بدمزگی دیکھنے میں آئی جب حنیف خان الیون کے کھلاڑی امپائر سے لڑپڑے۔ میچ کے چوتھے کوارٹر میں امپائرتکریم افتخار کے فیصلے پر حنیف خان الیون کے کھلاڑیوں نے اعتراض کیا جس پر بدمزگی ہوگئی۔کھلاڑیوں نے امپائر کے فیصلے کو نہ مانتے ہوئے اُنہیں زدو کوب کیا ، تھپڑ اورلاتیں رسید کیں، اس موقع پر پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور حنیف خان الیون کے کوچ حنیف خان میدان میں ہاکی لے کر بیچ بچاؤ کرانے آگئے۔ امپائر کے مطابق اُن سے ذیشان، عمران، فہد اور جمی نے بدتمیزی کی، ایونٹ انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں سابق ہاکی اولمپئینز قمر ضیاء، منصور احمد اور قمر ابراہیم پر مشتمل انظباطی کمیٹی کا اجلاس منگل کو ہوگا جس میں تمام صورت حال کا جائزہ لینے کےبعد ذمے داروں کا تعین کیا جائے گا، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سکریٹری سید حیدر حسین نے کہا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث کسی بھی کھلاڑی کو معاف نہیں کیا جائے گا اور اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی،فائنل میں بیچم ہاکی کلب نے حنیف خان الیون کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے سبطین، علی، افتخار اور طحہ جبکہ حریف کی طرف اولمپئن حسیم خان، عمران خان اور کاشف نے گول بنائے،بعد میں مہمان خصوصی اظہر حمید نے انعامات تقسیم کئے۔ دریں اثناء کے ایچ اے کے سیکریٹری سید حیدر حسین نے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے حنیف خان الیون کے تین کھلاڑیوں عاصم خان، فہد خان اور اویس خان پر چھ چھ ماہ کی پابندی عائد کردی ہے جبکہ حنیف خان الیون کو اگلے انٹر کلب ایونٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔علاوہ ازیںحیدر آ باد میں اتوار کو مہران کلب اور رحمانی کلب کے درمیان فائنل سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا جس کے اختتام پر مئیر حیدر آباد سید طیب حسین انعامات تقسیم کریں گے۔
تازہ ترین