گوجرانوالہ (نمائندہ جنگ) گوجرانوالہ میں سموگ کی بڑی وجہ آٹو رکشہ موٹر سائیکل سمیت دیگر زہریلا دھواں چھوڑنے والی بڑی تعداد پرانے ٹائر اور پلاسٹک سکریپ وغیرہ بھٹیوں میں جلانے والی فیکٹریوں کی بھی ہے۔ گوجرانوالہ میں 30ہزار سے زائد آٹو رکشہ اور موٹر سائیکل رکشہ ہیں جبکہ دیگر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بڑی تعداد ہے موٹر میکینکوں کے مطابق ایک رکشہ بڑی بس اور ٹرک سے بھی زیادہ دھواں چھوڑ رہا ہے انہوںنے کہا اس کی وجہ رکشہ مالکان اس کے سلنسر میں سے ٹکی نکال دیتے ہیں تاکہ انجن پر زیادہ لوڈ نہ پڑے جسکی وجہ سے زہریلے دھویں کی بہت زیادہ مقدار اور آواز پیدا ہوتی ہے علاوہ ازیں شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں فیکٹریوں کارخانوں کے زہریلے دھویں سے دن کو بھی رات کا منظر محسوس ہوتا ہے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر سرفراز احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ اس دھویں سے دھند میں اضافہ سے ٹریفک حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہونے کے علاوہ شہری ناک ، کان ، گلے کی الرجی سانس کی بیماریوں بالخصوص دمہ کا شکار تیزی سے ہورہے ہیں۔