کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماری پور بلوچ نے ٹائی بریکر پر بلوچ مجاہد کو شکست دیکر کراچی فٹ بال لیگ جیت لی۔ مقررہ وقت میں مقابلہ 0-0سے برابر تھا۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر سندھ اسپورٹس بورڈ شہزاد پرویز بھٹی نے ماری پور بلوچ کے کپتان سمیرولی کو فاتح ٹرافی اور دو لاکھ روپے کا چیک دیا۔ فتح محمد بلوچ، سینئر نائب صدر، سندھ فٹبال ایسوسی ایشن و صدر، ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملیر سے بلوچ مجاہد کے کپتان عمر بخش نے ایک لاکھ روپے کا چیک اور رنر اپ ٹرافی وصول کی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں آل برادرز ملیر نے شفیع الیون ملیر کو 4-3سے شکست دے کر 50ہزار روپے کا کیش پرائز حاصل کیا۔آل برادرز کے ثناء اﷲ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور بلوچ مجاہد کے عمر بخش 17گولز کے ہمراہ ٹاپ اسکورر رہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو 20,20 ہزار روپے کا کیش ایوارڈ دیا گیا۔ جلال مرادر شرافی کو فیئر پلے ٹرافی، ماریپور بلوچ کے سمیر احمد کو بہترین گول کیپر، شفیع الیون کے ظفر علی کو بہترین منیجرقرار دیا گیا انہیں 5،5 ہزار روپے کے کیش ایوارڈ ملے۔