شیخوپورہ(نمائندہ جنگ )لاہور روڈ پر تھانہ فیکٹری ایریا کے قریب 6ڈاکوؤں نے ایف آئی اے کی ٹیم کا روپ دھار کر لاہور سے پشاور جانیوالی ایک کار کو روک کر اس میں سوار لاہور کے منی چینجر خرم ممتاز اور اسکے ساتھیوں کو لوٹ لیا اور ان سے ساڑھے 9کروڑ روپے کی رقم چھین کر خرم ممتا ز کے ساتھی امجد علی کو اغواء کرکے فرار ہوگئے ، تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے ضلع شیخوپورہ کی تاریخ کی چند بڑی ڈکیتی کی وارداتوں میں شامل اس واردات کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کرکے منی چینجر کے گن مین خورشید احمد کو پکڑ کر پوچھ گچھ کی تو وہ ڈاکوؤں کا ساتھی نکل آیا جس کی مدد سے پانچ ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک نے ڈی ایس پی راؤ آصف زمان اور ایس ایچ او فیکٹری ایریا رانا محمد اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گن مین خورشید احمد کی نشاندہی پر ملزمان سلیم، کامران اور ابوبکر کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے ساڑھے 9کروڑ روپے برآمد کرکے منی چینجر خرم ممتاز جو خود بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے کو لوٹا دیئے گئے ہیں، ڈی پی او نے بتایا کہ گن مین خورشید احمد ڈاکوؤں سے ملا ہوا تھا منی چینجر اور اس کا ساتھی امجد علی گن مین خورشید احمد اور ڈرائیور کے ہمراہ پشاور سے سونے کی خریداری کیلئے جارہے تھے کہ کوٹ عبدالمالک کے قریب خورشید احمد نے پانی پینے کے بہانے کار رکوائی تو گھات لگا کر بیٹھے ڈاکوؤں نے کار کو گھیر لیا اور اسلحہ تان کر منی چینجر سے ساڑھے 9کروڑ روپے اور قیمتی موبائل فون چھین لئے ، انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق خوشاب کے علاقہ مٹھا ٹوانہ سے ہے اور گن مین خورشید بھی اسی علاقہ کا رہائشی ہے جن کے درمیان موبائل فون پر ہونیوالی کالز سے واردات کا سراغ ملا، ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس نے گزشتہ چند ماہ کے دوران ڈاکوؤں کے 23گینگز گرفتار کئے ہیں جن میں شامل ڈاکوؤں کی تعداد 400سے زائد ہے 35اشتہاری ملزمان کی املاک کو نیلام کردیا گیا ہے۔