کراچی ( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے ترجمان نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور پرویز مشرف کی ملاقات کے حوالے سے میڈیا پر مختلف قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا کہ خواجہ اظہار الحسن کی مشترکہ دوستوں کے ہمراہ کھانے پر پرویزمشرف سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے سیاسی حالات بھی زیر بحث آئے جبکہ پرویز مشرف سے کراچی کی ترقی اور مقامی حکومتوں کے نمائندوں کے اختیارات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ترجمان نے کہاکہ ملاقات کے حوالے سے میڈیا پر خورشید قصوری کا بیان انکی اپنی خواہش ہوسکتا ہے ایم کیوایم پاکستان کاکسی بھی جماعت سے کوئی سیاسی اتحادزیر غور نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ ایم کیوایم میں مشاورت کا عمل مکمل جمہوری ہے اور رابطہ کمیٹی ہی تمام فیصلوں کا اختیار رکھتی ہے۔