اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ نالج کو ریڈور پاکستان اور امریکہ کی سفارتی تاریخ میں ایک اہم قدم ہے جس سے اگلے دس سالوں میں 10000 پی ایچ ڈی اسکالر تیار کئے جائیں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارامریکہ کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان نالج کوریڈورسے دونوں ممالک کے لوگوں کو آپس میں بہتر تعلقات قائم کرنے کا مو قع ملے گا اور پاکستان میں پی ایچ ڈی اسکالرز کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا ۔پاکستان کی معیشت میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو سہولیات میسر کرنے کیلئے ڈے کئیر سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں ، پاکستان انجنئرنگ کونسل ایک ایسا پروگرام بنا رہی ہے جس سے خواتین گھر میں بیٹھ کر کام کر سکتی ہیں ۔دریں اثناوفاقی وزیر احسن اقبال نے صدر آزاد کشمیر مسعود خان سے بھی ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور آزاد کشمیر کو سیاحت کیلئے ماسٹر پلان بنانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔