• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے

لاہور(نیوزرپورٹر،ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو قائد اعظم اور علامہ اقبالؒ کا آدھاپاکستان گنوانے کے باجود ہوش نہیں آیا اور باقی ماندہ پاکستان بھی حکمرانوں کی خورد برد کا شکار ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کوقائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے وژن کے مطابق اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائے گی ۔خبر لیک کی ذمہ دار پوری کابینہ ہے،تحقیقات تک نواز شریف  مستعفی ہوجائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش پر ان کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ظلم یہ ہے کہ پاکستان کے نظریہ کی خاطر اب تک جانیں نچھاور کرنے والوں کے حق میں پاکستانی حکمرانوں نے آواز بلند نہیں کی ،بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے قائدین کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکا یا جارہا ہے جبکہ ہمارے حکمران اس ظلم کے خلاف زبان کھولنے کو تیار نہیں ۔لٹیرے خواہ حکومتی ٹولے میں ہوں یا اپوزیشن میں سب کا احتساب ہونا چاہئے ۔انہوں کہا  کہ ملکی اقتدار پر قابض ٹولے کے معاشی ، سیاسی اور نظریاتی کرپشن کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا ،پاکستان کے نظریہ سے بے وفائی کرنے والے قوم کے مجرم ہیں۔ہم ایسا پاکستان بنائیں گے جس میں کسی غریب کا بچہ تعلیم اور صحت سے محروم نہ رہے گا اور سب کو انصاف ملے گا ۔رجعت پسندوں کی حکومت نہ ہوگی۔یہی ٹولہ ہے جس نے علامہ اقبال اور قائد اعظم کی طرف سے دیئے گئے پاکستان میں رنگ و نسل اور مسلک کی بنیاد پر تقسیم پیدا کی .یہ لوگ تقسیم کرو اور حکومت کرو کے فارمولے پر عمل کر کے عوام کی گردنوں پر سوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کرپشن کا تسلسل ہے ،جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کو ایک دیانتدار قیادت ہی کرپشن سے نجات دلا سکتی ہے ۔چور چو رکا احتساب نہیں کرسکتے ۔پانامہ لیکس میں ملوث لوگوں کے نام اور خاندان موجود ہیں اور انہیں سب جانتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ  متنازعہ خبر کی لیکج کاذمہ دار کوئی ایک شخص یا وزیر نہیں بلکہ یہ پوری کابینہ کی ذمہ دار ہے ـ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس میں الزامات اور متنازعہ خبر کی لیکج کے بعد وزیر اعظم کو فی الفور مستعفی ہو جانا چاہیے اور تحقیقات میں اگر وہ سرخرو ہو جائیں تو دوبارہ اقتدار سنبھال سکتے ہیں ـقومی سلامتی سے متعلق متنازعہ خبر کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی بھی متنازعہ ہے اس کی تشکیل  میں اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیاـ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات سے استعفی سے ثابت ہو گیا کہ متنازعہ خبر کی لیکج میں حکومت ملوث ہے ۔
تازہ ترین