لاہور (نمائندہ خصو صی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کے خلاف پی ٹی آئی کی اپیل خارج کر کے جھوٹ اور الزامات کا پلندہ دفن کر دیا۔ آج 32 اور 35 پنکچر کے نہ نعرے رہے اور نہ الزامات رہے مگر اور چیزیں ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاناما لیکس کا کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ سپریم کورٹ غیرجانبدار ہو کر اپنا کام کر رہی ہے۔ اسے اپنا کام کرنے دینا چاہئے۔ سکیورٹی کے حوالے سے لیک ہونے والی خبر کی تحقیقات کے لئے قائم کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) عامر رضا کے کردار پر کوئی شک نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار سردار ایاز صادق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ چار حلقوں کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں عوام کا حق الیکشن لڑ کر جیتا گیا اور این اے 110 کے عوام کا حق سپریم کورٹ میں کیس لڑ کر جیتا گیا، خواجہ سعد رفیق کے حلقہ کا فیصلہ بھی عوام کے سامنے آ جائے گا۔ خواجہ آصف کو ایک دفعہ نہیں 10 دفعہ مبارک۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) عامر رضا وہ جج تھے جنہوں نے آمریت میں حلف اٹھانے سے انکار کر دیا، ورنہ شاید وہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ بھی ہو تے وہ ایسے انسان ہیں جن کے کردار پر کوئی شک نہیں کر سکتا مگر کچھ لوگوں کی طبیعت میں ہے کہ ہر چیز جو ان کے مطلب کے مطابق نہ ہو اس پر نا کرنی ہے اور جو ان کی مرضی کے مطابق ہو اس پر ہاں کرتے ہیں۔ اس لئے وہ کیا سوچتے ہیں ہمیں دھیان نہیں دینا چاہئے جو کمیشن بنا ہے اسے کام کرنے دینا چاہئے۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام امریکہ کے عوام کی طرح نادان نہیں عقلمند ہیں۔ انہوں نے بش کو منتخب کیا تھا تو لوگ کہتے تھے کہ یہ کیسی قوم ہے جس نے بش جیسے انسان کو منتخب کر لیا۔ میرا یہ خیال ہے کہ اسلام تہذیب کی روایت سکھاتا ہے۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مجھ پر دوسرے الیکشن میں بھی الزام لگایا گیا۔ اب وہ نہیں میں ان کے پیچھے عدالت میں ہوں تاکہ ان کو جھوٹا ثابت کروں اور ان پر 420 کا پرچہ کراؤں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے راہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد 2013کے شفاف الیکشن کی تصدیق ہو گئی۔ 2013 کے الیکشن پاکستان کی تاریخ کے بہترین الیکشن تھے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وزیر دفاع خواجہ آصف کے حلقے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ(ن) کے راہنما طلال چودھری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کی بنیاد پر بنایا گیا کیس ختم ہو گیا ہے اور الزام لگانے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے (ن) لیگ کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے اور تحریک انصاف نے دھاندلی کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ چار حلقوں کا لاگ الاپنے والوں کو شکست ہوئی ہے الزامات لگانے والوں کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے تصدیق کریں تحریک انصاف کے پاس دھاندلی کے کوئی ثبوت موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو ان کی زبان میں ہی جواب دیا جائے تو وہ سمجھتے ہیں خواجہ آصف اب بولیں گے۔ ’’ اب تیرا کیا ہو گا کالیا‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا معاملہ بھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ان کے حلقے پر بھی انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) کے حق میں فیصلہ آئے گا۔ پانامہ لیکس میں بھی تحریک انصاف کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں عدالت میں سرخرو ہو کر نکلیں گے۔