سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ لاہور کو الگ صوبہ بنا دیں ، اختیارات کو تقسیم کیا جائے پنجاب کے چاہے سو ٹکڑے ہو جائیں پاکستان تقسیم نہ ہو ، سیاسی اور عسکری فیصلے صرف لاہور ہی میں نہیں ہونے چاہئیں۔
ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں بنیادی طور پر مسلم لیگی ہوں جب جانا چاہوں گا تو مجھے کوئی نہیں روک سکتا ۔
انہوں نے کہا امریکا میں اکثریت کا ووٹ ، طاقت کا نہیں تباہی کا ووٹ بن جائے گا ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مقررہ مدت پوری نہیں کریں گے ۔ نیو ورلڈ آرڈر جو ریگن نے دیا تھا آج اس کا نتیجہ نکل رہا ہے ۔ وہ اپنی سرزمین پر اقلیتوں کو نہیں دیکھنا چاہتے جبکہ امریکا اقلیتوں کی قوم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گوربا چوف نے تو ملک کو طریقے سے تقسیم کیا تھا ۔ ڈونلڈ ٹرمپ گوربا چوف سے بھی بدتر ثابت ہو گا اور امریکا 4 سالوں سے 15 سال کے درمیان ٹکڑے ٹکڑے ہو کر جزیرے کی شکل اختیار کر لے گا ۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ ایران ، عراق ، لیبیا اور اب حوثی باغیوں کے ہاتھوں سعودی عرب کی افواج تباہی کے دھانے پر ہے۔ مودی کی پالیسی بھارت کو تباہ کر دے گی۔
انہوں نے مزید کہا یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ چین نے اس خطے میں حالات بدلے اور امریکا بھی اب اس سے مانگنے والا ہے جلد برطانیہ سے اسکارٹ لینڈ یارڈ بھی الگ ہو گا ۔