شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے) ضلع کونسل شیخوپورہ کی 25مخصوص نشستوں کیلئے آج سخت سکیورٹی میں کمپنی باغ شیخوپورہ کے جناح ہال میں پولنگ ہوگی جس میں 99یو سی چیئرمین صاحبان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، ان انتخابات میں نواز لیگ دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے اوردونوں گروپوں کے امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں جبکہ دونوں گروپوں کی طرف سے مخصوص نشستوں میں اکثریت حاصل کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں ، ضلع کونسل شیخوپورہ میں خواتین کیلئے 15کسانوں کیلئے 3اقلیتوں کیلئے 5نشستیں جبکہ ٹیکنوکریٹ اور یوتھ کیلئے ایک ایک نشست مختص ہے باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کے دو امیدواروں سردارشہزاد ڈوگر اوررانااحمد عتیق انور کیلئے بننے والے دو گروپوں کے سربراہوں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور میاں جاوید لطیف ایم این اے کے نامزد امیدواروں میں سے جو گروپ کل 25میں سے 15یا اس سے زیادہ نشستیں لینے میں کامیاب ہوگیا اس کی اکثریت واضح ہو جائے گی، دونوں گروپوں نے اپنے اپنے حامی یو سی چیئرمینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے جہاں سے وہ آج سیدھے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے کمپنی باغ آئیں گے ، جہاں پریذائڈنگ آفیسر کے فرائض شہزاد عبداللہ ایس ایس ٹی گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول فاروق آباد اور اے پی اوز کے فرائض حاجی محمد اسلم اور ذکاء اللہ انجام دیں گے ۔