اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ ترکی اور چین مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ، ترک صدر کے آنے پر گھر کی لڑائیاں نہیں ہونی چاہئیں ،ان کی پارلیمنٹ آمد کا سب کو احترام کرنا چاہیے ۔
سمن آباد لاہور میں تاجروں کی تقریب سے خطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت دنیا بھر میں کشمیر کا معاملہ اٹھا رہی ہے ،مقبوضہ کشمیر میں تحریک رکتی نظر نہیں آرہی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت عقل کے ناخن لے،سرحد پار بلااشتعال انگیز فائرنگ کاپاک افواج منہ توڑ جواب دیتی رہیں گی ۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو5 مشیر رکھنے کا صوابدیدی اختیار حاصل ہے ، سرتاج عزیز کو وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہے ۔
پانامہ کیس کے حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے،عدالت کو کام کرنے دیا جائے ،ترک صدر پاکستان آ رہے ہیں ،اس موقع پر گھر کی لڑائیاں نہیں ہونی چاہئیں۔