کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر اختر گنجیرا سے ملاقات کریں گے اور پاکستانی ہاکی فیڈریشن کو دی جانے والی گرانٹ کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس ملاقات میں حکومت کی جانب سے پی ایچ ایف کے لیے اعلان کردہ گرانٹ کی رقوم کے لیے بات چیت کریں گے جو تاحال حکومت کے اعلان کے باوجود فیڈریشن کو نہیں ملی ہے ۔ شہباز احمد اس موقع پر بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ سے بھی ملاقات کریں گے اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں شرکت کے حوالے سے حکومتی اجازت کے امور بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ دریں اثنا پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس 24نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں قائد اعظم بین الصوبائی گیمز پر اٹھنے والے 13کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات ، پی ایس بی کے مجموعی بجٹ اور اسپورٹس فیڈریشنز کو آئندہ مالی سال کیلئے مختص کئے جانیوالے فنڈز کی اصولی منظوری لی جائے گی ۔اجلاس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کا نیا ایگزیکٹو بورڈ شرکت کرے گا