اسلام آباد ( جنگ رپورٹر،ایجنسیاں)سنگین غداری کیس میں عدم حاضری پر سابق صدر پرویز مشرف کی اسلام آباد اور راولپنڈی میںجائیداد قرق کرلی گئی، قرق کی گئی جائیداد میں چک شہزاد فارم ہائوس، ڈی ایچ اے کا پلاٹ بھی شامل ہیں ۔ خصوصی عدالت کے حکم پر پرویز مشرف کی جائیداد قْرق کرنے کی کارروائی سیشن جج ایسٹ اسلام آباد سہیل اکرام نےکی ،سیشن جج ایسٹ سہیل اکرام نے سابق صدر کے فارم ہائوس اور ڈی ایچ اے میں پلاٹ قرقی کی تعمیلی رپورٹ خصوصی عدالت کو بھجوا دی ۔ تعمیلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرف کےچک شہزاد فارم ہائوس سمیت ڈی ایچ اے کے ایف بلاک میں واقع پلاٹ بھی قرق کر لیا گیا، سابق صدر کے پارک روڈ چک شہزاد پر فارم ہائوس نمبر سی ون بی اور ڈی ایچ اے فیز ٹو راولپنڈی کے ایف بلاک میں پلاٹ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ خصوصی عدالت نے جائیداد قرقی کے احکامات رواں سال جولائی میں جاری کئے تھے۔