پشاور(جنرل رپورٹر) چترال سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی بونی کیمپس کی بندش کیخلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا ، ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین کی قیادت صوبائی صدر علی بہادر، نائب صدر بشارت الملوک، جنرل سیکرٹری فضل الدین، نوروز خان، توصیف اور دیگرکررہے تھے۔ مظاہرین نے حکومتی تعلیمی پالیسی نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔ شرکاء نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی بونی کیمپس کی بندش کو چترال کے محنتی طلباء کے ساتھ ناانصافی قراردیتے ہوئے گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیربرائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی سے اپیل کی کہ مذکورہ یونیورسٹی کیمپس چترال کی واحد یونیورسٹی ہے جسکی بندش کا مطلب علاقے کے غریب طالبعلموں پر علم کے دروازے بند کرناہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کیمپس کو فوری طور پر بحال کرنے، علاقے کے طالبعلموں کی دادرسی کرنے اور چترال یونیورسٹی کےقیام کے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کامطالبہ کیا۔