• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیب اردوان کا پاکستانی پارلیمان سے تیسری بارخطاب

Tayyab Urdgan The Third Address In Pakistani Parliament
ترک صدر رجب طیب اردوان آج کسی بھی غیر ملکی سربراہ مملکت کے طور پر پاکستانی پارلیمنٹ سے تیسری بار خطاب کرنے کا منفرد اعزاز حاصل کر رہے ہیں، وہ 2 بار وزیر اعظم اور آج ترک صدر کے طور پر پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ یہ 18 واں موقع ہو گا کہ کوئی غیر ملکی سرکاری شخصیت پاکستانی پارلیمان سے خطاب کرے گی۔

رجب طیب اردوان پاکستانی پارلیمنٹ سے بطور وزیر اعظم دو بار2009 اور2012 میں مخاطب ہو چکے ہیں۔ ترک صدر کے طور پر آج وہ پہلی بار پاکستانی پارلیمنٹ سے مخاطب ہوں گے۔

پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے سب سے پہلا خطاب شہنشاہ ایران نے 15 مارچ 1950 کو کیا تھا۔12سال بعد3 جولائی 1962کو شہنشاہ ایران دوبارہ پاکستانی پارلیمان کے اجلاس میں آئے ،تاہم اس بار خطاب نہیں کیا۔

15 جولائی 1962کو فلپائن کے صدردیو داس مکا نے قومی اسمبلی سے خطاب کیاپھر انڈونیشیاء کے صدر ڈاکٹر احمد سوئیکارنو نے26جون1963کو قومی اسمبلی سے خطاب کیا۔

سینیٹ کے قیام کے بعد5ستمبر 1974کو پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے خطاب کا اعزاز سری لنکا کی وزیر اعظم مسز بندرانائیکے کو حاصل ہوا۔ کسی بھی ترک سربراہ کے طور پر ترکی کے صدر کینعان ایورن نے15نومبر1985کو قومی اسمبلی سے خطاب کیا۔

فلسطینی ریاست کے قیام کے بعد 24 جون 1989کو فلسطین کے صدر یاسر عرفات نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ فرانس کے صدر متراں نے20فروری 1990کو پاکستان کی قومی اسمبلی سے خطاب کیا۔

ایران کی شوریٰ اسلامی کے اسپیکر حجت الاسلام مہدی نے24فروری 1991پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کیا۔ ایرانی صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی نے 7 نومبر1992 کو پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔

ایرانی شوریٰ اسلامی حجت الاسلام والمسلمین کے اسپیکر علی اکبر نوری نے 11اپریل1994کو پاکستان کی قومی اسمبلی سے خطاب کیا۔ چین کے صدر جیانگ ژی من نے 2 دسمبر 1996کو سینیٹ آف پاکستان سے خطاب کیا۔

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے 8 اکتوبر1997کو پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے مخاطب ہوئیں۔ رجب طیب اردوان نے پہلی بار ترک وزیر اعظم کی حیثیت سے 26 اکتوبر2009 ء کو پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے خطاب کیا۔

چینی وزیر اعظم وین جیاباؤ نے19نومبر 2010کو پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے خطاب کیا۔ یہ کسی بھی سربراہ مملکت کا چھٹی کے دن یعنی اتوار کو پارلیمنٹ سے پہلا خطاب تھا۔

ترک وزیر اعظم طیب اردوان نے دوسری بار 21 مئی2012 کو پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے خطاب کیا۔ چینی وزیر اعظم لی کی جیانگ نے 23 مئی2013کو سینیٹ آف پاکستان سے خطاب کیا۔

دو سال بعد چینی صدر ژی چنگ پنگ نے 21 اپریل 2015کو پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ اب ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستانی پارلیمنٹ سے تیسری بار مخاطب ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کر رہےہیں۔
تازہ ترین