سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) سیالکوٹ میں روزانہ350ٹن اکٹھا ہونے والاکوڑا بلامعاوضہ مقامی ایم پی اے کی خالی اراضی میں ڈمپ کیا جارہا ہے۔ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روزانہ350ٹن کوڑا اکٹھا کرنے کے بعد ایم پی اے محمد اکرام کی ا راضی گوہد پور میں حفاظتی اقدامات کئے بغیر ڈمپ کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں رابطہ پر آپریشنل منیجر سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بتایا کہ ہمارے پاس چونکہ لینڈفل سائیڈ موجود نہیں اس وجہ رکن صوبائی اسمبلی نے اپنی اراضی انہیں کوڑا پھینکنے کے لئے دے رکھی جہاں کوڑا ڈال کر مٹی ڈال دی جاتی ہے۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کے قیام کا ایک مقصدشہر سے اکٹھا ہونے والے کوڑے کو ری سائیکل کیا جانا تھا تاہم ایسا نہیں کیا جارہا حالانکہ اس سے کھاد سمیت دیگر سودمند اشیا بنائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایم پی اے نے فائدہ کا سودا کیا ہے کیونکہ اگر وہ خود زمین میں موجود گڑھوں کی بھرائی کریں تو اس پر لاکھوں روپے خرچ ہو نگے ۔اس سلسلہ میں مقامی ایم پی اے سے رابط مکمن نہیں ہوسکا۔