پشاور(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلہ کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی جس پر صوبہ کی اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز خٹک کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے تھی ، ترکی کے صدر طیب اردگان نے گزشتہ روز پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے وزرا اعلیٰ سمیت آرمی چیف مسلح افواج کے سربراہان اور تحریک انصاف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی و سینٹ نے شرکت کی ، پاکستان تحریک انصاف کے بائیکاٹ فیصلہ کے پیش نظر پی ٹی آئی کے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی نے شرکت نہیں کی ، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز حٹک نے بھی پارٹی فیصلہ کی روشنی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اجلاس میں شرکت نہیں کی جس پر صوبہ کی اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی، لیگ ن ، اے این پی اور جمعیت علمائے اسلام نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور موقف اپنا یا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن پرویز خٹک کو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرکے قوم یکجہتی کا ثبوت دینا چاہیے تھا۔