لاہور(خصوصی نمائندہ،کرائم رپو رٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نےشیخوپورہ، ننکانہ اور قصور میں ایل ڈی اے کے سب دفاتر قائم کرنیکی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیاں بنانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، وزیراعلیٰ کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے پانچویں اجلاس میں شہریوں کو بہترین خدمات اور سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور میں ایل ڈی اے کے سب دفاتر کے قیام کی منظوری دی گئی اور غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیاں بنانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ غیر قانونی اور بلااجازت تعمیرات کرنے والوں اور مقررہ مدت میں پلاٹوں پر عمارتیں تعمیر نہ کرنے کے حوالے سے سروے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شیرپائو پل کے دونوں اطراف اراضی کو کمرشل طو رپر ڈویلپ کرنے اور اس ضمن میں بہترین کنسلٹنٹ کا انتخاب اور بزنس و فنانشل ماڈل تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں 80ء کی دہائی میں ایل ڈی اے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے پلاٹوں کی مد میں ڈبل ادائیگیاں حاصل کرنے والوں اور جعلسازی میں ملوث افسروں اور عملے کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیاں بنا کر عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹتے ہیں۔عوام سے دھوکہ اور فراڈ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ایسے عناصر کی جگہ جیل ہے۔انہوں نے لاہور ڈویژن کا مربوط ماسٹرپلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن شہروں میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے وہاں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قیام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قیام کے حوالے سے فوری طور پر روڈمیپ مرتب کیا جائے اور لاہور سمیت بڑے شہرو ں میں نکاسی آب اور صفائی کے حوالے سے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کا انتخاب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے غیر قانونی اور بلااجازت تعمیر کی جانے والی عمارتوں اور جن پلاٹس پر مقررہ مدت میں عمارتیں تعمیر نہیں کی گئیں، کے سروے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل کے حل کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی جائے ۔انہو ں نے اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کو بعض اختیارات تفویض کرنے کے حوالے سے ترامیم کیلئے سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرز کو تکنیکی الائونس دینے کیلئے کارکردگی کی بنیاد پر مربوط نظام وضع کیا جائے۔ وزیر اعلی کی زیر صدارت لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کے لئے قائم سٹیرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ۔شہباز شریف نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے 7روز میں شارٹ ، میڈیم اور لانگ ٹرم اقدامات کو حتمی شکل دی جائے-ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے دنیا کے بہترین شہروں کے ماڈل سے استفادہ کیا جائے - ٹریفک نظام میں بہتری کے لئے انسپکٹر جنرل پولیس اپنی کورٹیم تشکیل دیں - میں ہر ہفتے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کروں گااورٹریفک نظام کوبہتر بنا کر دم لیں گے -ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ٹریفک انجینئرنگ پر بھی توجہ دینا ہو گی- وزیر اعلی نے ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کو سٹیئرنگ کمیٹی کا وائس چیئرمین مقرر کر دیا- وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ، میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے میرٹ پالیسی پر عملدرآمد اور دیگر امو رکا جائزہ لیا گیا۔کہا کہ میڈیکل کالجو ں میں داخلے کیلئے اپنائی گئی میرٹ پالیسی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ پبلک میڈیکل کالجوں کی طرح نجی میڈیکل کالجوں کو بھی میرٹ پالیسی پر عملدرآمد کرنا ہوگا، میرٹ پالیسی کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیسوں کی خاطر میرٹ کی خلاف ورزی کرکے قوم کے ذہین اور ہونہار بچوں کا حق مارنا ظلم ہے۔ میرٹ پالیسی نجی میڈیکل کالجوں پر بھی لاگو ہے ۔ تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئےمحکمہ صحت میرٹ پالیسی پر عملدرآمد کرائے۔ وزیر اعلیٰ نے بچوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں۔قوم کے نونہالوں کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت 70 ہزار سے زائد بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر سکولوں میں داخل کر چکی ہے آج اس عزم کااعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو اطفال دوست ملک بنانے کے لیے سول سوسائٹی، میڈیا اور تمام متعلقہ حلقے اپنا موثر کردار ادا کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے حضرت اما م حسینؓ کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ۔ انہو ں نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور شرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 4شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کی جبکہ کامونکی کے علاقہ اسلم آباد میں کھلے مین ہول میں گر کر3سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچے کے لواحقین سے ہمدری اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔شہباز شریف