جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ عمران خان کی شادی کی میڈیا کو بڑی فکر ہے، میری شادی کی نہیں، چٹکلا چھوڑنے کے فوراً بعد انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی خانگی زندگی بہت خوش گوار گزر رہی ہے۔
عمران خان وہ کھلاڑی سیاستدان ہیں جن کے بارے میں ہر خبر بڑی گرم ہوتی ہے اور اگر خبر خان صاحب کی شادی کی ہو تو مولانا فضل الرحمان جیسی سنجیدہ شخصیت کو بھی شوخی سوجھ جاتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے درمیان جب ایک صحافی نے عمران خان کی شادی کی طرف اشارہ دلایا کہ عمران خان پھر شادی کر رہے ہیں؟ تو جواب میں مولانا صاحب نے چٹکلا چھوڑ دیا ،لیکن ساتھ ہی اپنی خوشگوار خانگی زندگی کا معاملہ بھی صاف کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری زندگی بہت خوشگوار ہے‘‘۔
زیادہ پرانی بات نہیں جب مانچسٹر میں شادی کی ایک تقریب میں عمران خان نے اپنا شادی کا ٹریک ریکارڈ خراب ہونے کو تسلیم کیا تھا،لیکن ساتھ ہی تیسری شادی کا ریکارڈ اچھا ہونے کی امید بھی ظاہر کردی تھی۔
مائیک کے ذریعے عمران خان کی تیسری شادی کا چٹکلہ برطانیہ سے پاکستان تک خان صاحب کے چاہنے والوں کو شاد کرگیا، ستارہ شناسوں نے بھی اشارہ دے دیا کہ عمران خان کی تیسری شادی کے ستارے تو سیٹ ہوچکے بس بینڈ باجا بجنے کی دیر ہے۔