لاہور (اے پی پی ) جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں لگایا جانے والا قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ سوموار کے روز بھی جاری رہا ۔کھلاڑیوں نے دو مختلف سیشنز میں ٹریننگ کی ۔ کھلاڑیوں کو ویڈیو سیشن کے ذریعے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی دیگر ٹیموں کی کمزوریوں سے آگاہ کیا گیا۔ قومی انڈر 21 کے 26 ممکنہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ جونیئر ورلڈ کپ 8 سے 18 دسمبر تکلکھنئو، بھارت میں ہوگا ۔ کیمپ کمانڈنٹ طاہر زمان کہتے ہیں کہحکومتی اجازت ملنے سے کھلاڑیوں میںجوش پیدا ہوگیا ہے ، انہوں نے کیمپ میں مزید محنت شروع کردی ہے ۔ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور وہ ورلڈ کپ میں قوم کی توقعات پر پورا تریں گے ۔ طاہر زمان نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہمارا پول سخت ہے اور اس میں ہالینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں بھی شامل ہے ۔پہلا میچ ہالینڈ سے ہے اور اس میچ کو ہم زیادہ فوکس کررہے ہیں ۔ کوشش ہے کہ ہالینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی کے مرحلے کو آسان کریں ۔ ان دونوں ٹیموں کو ہرانا بہت ضروری ہے اس کے بعد ہیہم کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرسکتے ہیں ۔ دونوں ٹیموں کی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں ویڈیو سیشنز کے ذریعے کھلاڑیوں کو آگاہ کر رہے ہیں ۔ اب تک کی ٹریننگ میں پنلٹی کارنر ،دفاع ،اٹیک کے شعبے پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ، گزشتہ ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کے جذباتی پن کی وجہ سے ان کو متعددکارڈز ملے جس کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑا ۔ کیمپ میں اس خامی کو بھی دور کیا جا رہا ہے۔ گول کیپنگ کا شعبہ بہت اہم ہوتا ہے اور میچز میں جیت میں گول کیپر60 فی صدکردار ادا کرتا ہے اور ہمارے پاس اچھے گول کیپرز ہیں جن کی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے ۔ طاہر زمان نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے کھلاڑیوں کے ویزے کی درخواستیں بھارتی ہائی کمیشن میں جمع ہیں ، امید ہے کہ اگلے ہفتے تک ویزے مل جائیں گے۔ ٹیم چار دسمبر کو پاکستان سے بھارت کے لئے روانہ ہوگی۔