لاہور،گجرات، لالہ موسیٰ ( نمائندگان جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کی ٹانگیں کھینچنے والوں کو پاکستان کے باشعور عوام بحیرہ عرب میں پھینک دیں گے۔ بعض عناصر کو سی پیک ، گوادر اور بجلی کی پیداوار کے بڑے منصوبوں کی تکلیف ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ 126 دن تک اسلام آباد کو یرغمال بنانے والوں کو سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کے سامنے شرمندگی اُٹھانا پڑے گی۔حمزہ شہباز نے ضلع گجرات میں جلال پور جٹاں کو تحصیل کا درجہ دینے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر بھی نیازی اینڈ کمپنی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا اور اُن کے دئیے گئے ثبوتوں کے کاغذوں میں لوگ کل کو جلیبیاں اور پکوڑے کھائیں گے۔ عوام کی عدالت اور سپریم کورٹ سے سرخرو ہو کر نکلیں گے ۔ گوادر کے مکمل آپریشنل ہونے کے بعدپاکستان میں خوشحالی آئے گی جبکہ احتجاج کرنے والے واویلا کرتے رہ جائیں گے ، خیبر پختونخواہ کے عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے عمران خان کو ڈھونڈ رہے ہیں، عمران خان ہوش کے ناخن لیں، ملکی ترقی میں روڑے اٹکانے سے باز آ جائیں۔ انھوں نے کہا مشرف کو دس دس بار وردی میں صدر بنوانے، پنجاب بینک میں اربوں کا ڈاکہ ڈالنے والے سابق وزیراعلیٰ گجرات کو پیرس بنانے کا وعدہ بھی پورا نہ کر سکے۔ ان کا کہنا تھا سی پیک کے ذریعے ملک میں موٹر ویز بن رہی ہیں، کے پی کے سے سی پیک منصوبہ شروع ہوا ہے، وہاں بھی ن لیگ تبدیلی لے کر آئے گی۔ اس موقع پر انہوں نے جلالپورجٹاں کو تحصیل کا درجہ دینے، 5 ارب روپے کی لاگت سے شہباز پور پل کی تعمیر مکمل کرنے اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا اعلان کیا۔ قبل ازیں حمزہ شہباز نے کڈنی سینٹر، شاہین چوک فلائی اوور، عزیز بھٹی شہید ہسپتال، شہباز شریف پارک، ٹراما سنٹر، گجرات جمخانہ کا بھی دورہ کیا۔ اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہارکیا۔ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ مظہر علی خان نے سپاس نامہ پیش کیا۔ جبکہ طاہر الملک نے حمزہ شہباز کو گجرات کی روایتی چادر پہنائی۔