کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کا کہنا ہے کہ سال 2000 میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو غیر آئینی طریقے سے ایک کروڑ روپے کا قرضہ دیا تھا۔ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ ہم ہاکی فیڈریشن کو یہ قرضہ معاف کردیں۔ ملک میں ہاکی کے علاوہ کئی اور ایسوسی ایشن ہیں جو اپنے معاملات کو چلاتی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس جو پیسہ ہے وہ کرکٹ کے لئے ہے۔ منگل کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں فائٹنگ اسپرٹ بہت ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ ٹیم کم بیک کرے گی۔ شہریار خان نے کہا کہ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹسمین نہ چل سکے۔ حالانکہ ٹیسٹ ٹیم کی بیٹنگ مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ایڈجیسٹ ہونے کا بالکل موقع نہیں ملا۔ ہمیں یہ معلوم تھا کہ نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر مشکل پیش آسکتی ہے۔ لیکن کرائسٹ چرچ کی وکٹ میں بائونس بہت تھا۔ اگر بیٹسمینوں نے دوسرے ٹیسٹ میں غلطیوں سے سبق سیکھا تو ہم سیریزبرابر کرسکتے ہیں۔