• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی راہداری میں اپنے حصہ پر کمپرومائز نہیں کرینگے، اسد قیصر

پشاور ( نیوز ڈیسک)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کو پاک چین اقتصادی راہداری میں اس کا جائز حصہ دینے کے دو ٹوک موقف سے کبھی  پیچھے نہیں ہو گی ، مغربی روٹ کی تعمیر سمیت صوبے کے دیگر حقوق کے حصول کے لئے وفاقی حکومت کو مجبو ر کرنے کے لئے عوامی احتجاج کے ساتھ ساتھ ہر فورم پر بھر پور آواز اٹھائی جائے گی ۔وفاقی حکومت میں شامل بعض لوگ صوبائی حکومت کو سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے حوالے سے بیانات د ے کر غلط تاثر پیش کرکے عوام کو گمراہ کرنا چا ہتے ہیں ۔ ہم ان پر واضح کرناچاہتے ہیں کہ سی پیک قومی سطح کا ایک اہم منصوبہ ہے جو دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کیلئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہماری حکومت اس منصوبے کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے ۔ یورپ کے سرکا ری دورے کے موقع پر برطانیہ میںپاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء سے اپنے خطاب میں سپیکر نے کہا کہ وفاقی حکومت  قومی سطح کے اہم منصوبوں میں چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کرنے کی بجائے ان کے خد شات دور کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ یورپ سے واپسی پر سی پیک سے متعلق عوامی آگاہی کی تحریک چلانے کے لئے وہ صوبے کے تمام اضلاع کا دورہ کریں گے ۔سپیکر نے کہا کہ مغربی روٹ کی تمام لوازمات کے ساتھ تعمیر کی وفاقی حکومت کی یقین  دہانی تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے آل  پارٹیز کانفرنس میں کئے گئے وعدوں کو ایفا نہیں کیا تو وزیر اعلیٰ سمیت صوبائی کابینہ عوامی احتجاج کا آپشن استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی اور اس سلسلے میں دسمبر کے بعد احتجاجی دھرنا دینے کی تیاری بھی کی جارہی ہے ۔   
تازہ ترین