سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ درخشندہ روایات کی امین ہے اور گذشتہ15دہائیوں سے آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے لاہور ہائیکورٹ کی خدمات قابل رشک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ چیف جسٹس لاہو ر ہائیکورٹ لاہور سید منصور علی شاہ نے عدالتی نظام فعال بنانے کیلئے خود احتسابی کی روایت کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے سے بد عنوانی اور جرائم کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے میں جزا اور سزا کے عمل کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام الناس کو انصاف کی فراہم کیلئے انتظامیہ ، کورٹس سے ہر ممکن تعاون کرے گی اور انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں عدلیہ کا ساتھ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیشن کورٹس میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ محمد یوسف نے کہا ہے کہ عدلیہ ، انتظامیہ اور پولیس کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن کی بدولت ہی عوام الناس کوعدل وانصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے کیونکہ اداروں کا نصب العین عوام کی فلاح بہبود ہے اس لئے ان پر لازم ہے کہ وہ عوام الناس کے مسائل کے حل اوران کو عدل و انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھیں .ڈی پی او سیالکوٹ محمدعابد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے پولیس اور عدلیہ کے آپس میں بہترین ورکنگ ریلیشن شپ لازم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرتی ناسوروں کو ان کے کئے کی سزا دینا عدلیہ کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا پولیس اور نظام عدل کی مشترکہ ذمہ داری ہے انہوں نے کہاکہ ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات اس بات کا غماز ہے کہ انصاف کا یہ جاری و ساری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا دوسرا نام عوام کی خدمت اور فلاح ہے ۔