پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی ہو تی جا رہی ہے۔ بھارت کے لیے ویزوں کا اجرا تاحال نہ ہو سکا جبکہ ایف آئی ایچ نے آج شام تک ایونٹ میں شرکت کی تصدیق طلب کر لی۔
جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 8 دسمبر سے بھارت کے شہر لکھنؤ میں کھیلا جائے گا، پاکستان کی ٹیم تیاریوں میں مصروف ہے، حکومتی این او سی مل چکا لیکن تاحال ویزے جاری نہ ہو سکے۔
پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز سینئر کاکہنا ہے کہ منتظمین نے آج شام تک ایونٹ میں شرکت کی تصدیق مانگی ہے۔ لیکن ویزوں کے بغیر تصدیق کرنا ممکن نہیں ہے۔ ویزوں کے لیے درخواستیں بروقت دی گئی ہیں۔ امرتسر سے لکھنو کے لیے بکنگ بھی کرا چکے ہیں۔ ویزے جاری کرنا بھارت کے اختیار میں ہے پی ایچ ایف صرف انتظار کر سکتی ہے۔
شہباز سینئرنے مزید کہا کہ منتظمین اپنی جگہ صحیح ہیں، انہیں انتظامات کرنے ہیں۔ شرکت کی تصدیق کر کے ایونٹ میں نہیں جا سکے تو ہمیں جرمانہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ میں نہ جانا پاکستان ہاکی کے لئے نقصان دہ ثابت ہو گا۔