بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈ رپنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نےبہاولپور آرٹس کونسل کو 2سال سے فنڈز نہ ملنے پرپنجاب ا سمبلی میں احتجاج کیا،انہوںنے وقفہ سوالات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاہور آرٹس کونسل کو کروڑوں روپے کے فنڈز دیئے گئے ،بہاول پور آرٹس کونسل آثار قدیمہ کا منظر پیش کر رہا ہے، حکومت کے اس طرح کے فیصلے ہمارے علاقے میں محرومی پیدا کرتے ہیں جس پر ہم لوگ مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارا صوبہ الگ کیا جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خصوصی فنڈز دیئے جائیں، جس پر پارلیمانی لیڈر نے یقین دھانی کرائی کہ اس کے لیے ہم ہنگامی بنیادوں پر کام کریںگے، دوسرے سوال میں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اشتہارات کی مختلف مہمیں چلائی جاتی ہیں جو کہ لاہور سے شروع ہو کر لاہور میں ہی ختم ہو جاتی ہیں اور بہاول پور کی لوکل اخبارات کو اس میں حصہ نہیں دیا جاتا جس پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ آئندہ اس معاملہ میں ڈاکٹر سید وسیم اختر سے مشاورت کی جائے گی، نیز ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور اس کا آئین بھی اسلامی ہے، لیڈیز کلب بہاول پور میں ایک پروگرام رکھا گیا ہے جس میں ایک ناچنے والی کو بلایا گیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بے حیائی کے پروگرام پر پابندی لگائی جائے۔زراعت کے وقفہ سوالات میں انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی کی طرح غلہ منڈی کو بھی شہر سے باہر شفت کیا جائے اور اس جگہ پر گرلز ہائی سکول بنایا جائے، جس پر وزیر زراعت نے ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی اس معاملہ پر کمشنر بہاول پور سے بات کرکے ان سے اس کی فزیبلٹی بنوائی جائے گی۔