نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے تقرری کے اعلان کے بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور وزیراعظم نوازشریف سے الگ الگ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل زبیرحیات کو نئے عہدوں پر تقرری کی مبارک باد پیش کی۔
اعتماد کا اظہار کرنے پر نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے پہلے وزیراعظم نوازشریف نےصدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی اور عسکری قیادت کےلیے نئی تقرریوں پر اعتماد میں لیا۔
نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس اف اسٹاف کمیٹی کے عہدوں کے لیے وزیر اعظم کو پانچ نام بھجوائے گئے تھے جن میں لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے اور لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کے نام بھی شامل تھے۔