• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور،سی پیک کیلئے گوادر پورٹ نیو ریل لنک بنانے سے متعلق بریفنگ

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس لاہور میں  سی پیک کیلئے گوادر پور ٹ ریل لنک بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔گوادر پراجیکٹ فارمولیشن کے کنسلٹنٹ انجینئراعجاز حسین خلجی کی سربراہی میں 4 رُکنی وفد نے گوادر،بسیمہ، مستونگ، بسیمہ اور جیکب آبادبراستہ خضدارکی فزیبلٹی سٹڈی کی تازہ صورتحال اور نیو ریل لنک بنانے سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پروزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عالمی اہمیت کے اس ہائی پروفائل پراجیکٹ کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔یہ پراجیکٹ ہر لحاظ سے مکمل اور فول پروف ہونا چاہیے۔انہوں نے  کہا کہ معاشی اہمیت کے حامل اس پراجیکٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے گوادر میں پاکستان ریلوے کاایک ذیلی آفس قائم کیا جائے جہاں ریلوے کے مختلف شعبوں کے بہترین افراد کو تعینات کیا جائے۔ اس منصوبے کیلئے ڈبل ٹریک اورآٹو بلاک سسٹم استعمال کیا جائے گا۔ٹرین آپریشن سے متعلق اجلاس میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مینڈ اور اَن مینڈ لیول کراسنگز کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اوراس ضمن میں واضح حکمت عملی تیارکرنے کیلئے وزیر ریلوے نے ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی  ہےجو10 دنوں کے اندرلائحہ عمل تیار کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کوبتایا گیا کہ محمود کوٹ سے تاروجبہ (پشاور ڈویژن) تک ہائی سپیڈ ڈیزل کی ترسیل بذریعہ آئل ٹرین تقریباً 10سال بعدشروع کر دی گئی ہے جس سے ایک ٹرین سے  35لاکھ روپے آمد حاصل ہوسکے گی۔
تازہ ترین